تعارف کتاب "خطباتِ مکی"
اللہ کرے مرحلہ شوق نہ ہو طے
(تعارف کتاب)
نام کتاب:- خطباتِ مکی
مرتب :- مولانا محمدبلال اشاعتی ساتونوی
ناشر:- مولوی محمد عمرمحی الدین رامپوی جالنوی
صفحات:- 360
قیمت:- 200 روپئے۔
اللہ تعالیٰ ہر دور میں اپنے آفاقی پیغام کو انسانوں تک پہنچانے کیلئے کچھ مخصوص بندوں کا انتخاب کرتا ہے۔ جن کی شخصیت ہمہ جہت گوناگوں اوصاف اور غیرمعمولی خصائل و خصائص کا مجموعہ ہوتی ہے۔جو قابلیت اور قبولیت کے اعلی درجے پر فائز ہوتے ہیں۔دین حق کی نشر و اشاعت کا جذبہ، تعلیم و تذکیر، اصلاح و تربیت اور باطنی علوم و ظاہری کمالات سے آراستہ ہوتے ہیں۔ جن کی زندگی کا نصب العین اعلائے کلمۃ اللہ ہوتا ہے اسی جذبے سے سرشار دین حق کی دعوت، اقامت،،اشاعت اور ترجمانی کا فریضہ بتمام و کمال منجانب اللہ خیروخوبی کے ساتھ انجام دیتے ہیں۔انہی پاکیزہ ہستیوں اور برگزیده شخصیات میں دور حاضر کے مایہ ناز خطیب جیدعالم دین عظیم مفکر بےضرر مصلح و مذکر حضرت مولانا محمد خیرالحجازی المعروف شیخ مکی دام ظلہم کا نام نامی سرفہرست ہیں۔ مولانا مکی حفظہ کا شمار دور جدید میں عالم اسلام کے مشاہرین مفکرین مصلحین اور اساطین علم و فن کی صف اول میں ہوتا ہے۔گزشتہ کم و بیش نصف صدی سے موصوف ظلِ کعبہ میں درس و تدریس اور تعلیم و تذکیر کا قابل رشک فریضہ انجام دیتے آرہے ہیں۔ جو آپ کی عنداللہ قبولیت اور عندالناس مقبولیت کی بین دلیل ہے۔انٹرنیٹ پر موصوف کے بیانات کی ہزاروں ویڈیوز اور سینکڑوں آڈیو کیسیٹس موجود ہیں جسے عرصہ دراز سے پورے عالم اسلام میں ذوق و شوق اور رغبت و عقیدت کے ساتھ دیکھا اور سنا جارہا ہے۔مولانا محترم حرم مکی میں مسلک احناف کے سرخیل مانے جاتے ہیں، دیوبندی مکتب فکر کی ترجمانی آپ کا خصوصی امتیاز ہیں۔مولانا مکی کا طرزخطابت نہایت شستہ شائستہ اور سلیس ہوتا ہے جس میں برجستہ علمی و تحقیقی نکات برموقع تاریخی واقعات اور ظرافت طبع کی رنگین بزلہ سنجی و استعارات اور برمحل قرآن و سنت کی تعبیرات سے آپ کی گفتگوں آراستہ و مزین ہوتی ہیں۔جس میں بےتکلف انداز اور بےلاگ طرز پر موصوف اپنے افکار و خیالات کی ترویج اور باطل نظریات کی توبیخ و تردید کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ہر قسم کے اشکالات و استفسارات پر موصوف لومۃ لائم کی پرواہ کئے بغیر بڑی بیباکی اور جرات مندی کے ساتھ اپنی بات رکھنے کے لئے پہچانے جاتے ہیں۔اہل علم بطورِ خاص طلبہ عربیہ کے حلقہ میں اس بات کی شدت کیساتھ ضرورت محسوس کی جارہی تھی کہ حضرت والا کے برقی خطابات کو ورقی پیرائے میں سمویا جائے اور بکھرے ہوئے موتیوں کو ایک تسبیح میں پروکر اس کی عظمت اور افادیت کو دوام بخشا جائے۔یہ بات یقیناً حق بجانب ہے کہ یہ دور انٹرنیٹ اور ویڈیو بینی کا دور ہے لوگ کتاب کھول کر پڑھنے سے زیادہ ویڈیوبینی کے ذریعہ علم میں اضافہ اور تسکین طبع کا سامان کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں تاہم علمی فکری و تحقیقی مواد کی نگہداشت اور مدت دراز تک حفاظت کےلئے برقی ذرائع کے مقابل ورقی پیرائے یعنی مصحفی ترتیب بہت زیادہ مؤثر اور قابل اطمینان ہے۔ بحمدللہ تعالی ہم اہل مراہٹواڑہ بالخصوص اہل جالنہ کے لئے یہ بات قابلِ رشک و مسرت ہے کہ مولانا مکی کے علمی اصلاحی و روحانی خطبات کو کتابی شکل میں مرتب کرنے کا رفیع الشان کارنامہ جالنہ ضلع کے نواحی علاقہ ساتونہ کے بطل جلیل، بہترین قلمکار جیدعالم دین استادالعلماء محترم مولانا محمد بلال صاحب اشاعتی ساتونوی حفظہ اللہ نے بڑی تحقیق و تدقیق اور عرق ریزی کے ساتھ بحسن و خوبی انجام دیا ہے۔زیرنظر کتاب مولانا موصوف کی علمی خدمات میں ایک زرین اضافہ اور ملت کے لئے آنجناب کی جانب سے خوبصورت تحفہ ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل موصوف کی جانب سے اسی عرق ریزی کے ساتھ عالم اسلام کی مایہ ناز دینی درسگاہ جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم اکل کوا کے مایہ ناز استاد تفسیروحدیث حضرت مولانا مفتی محمد فاروق صاحب مدنی مدظلہ کے علمی روحانی و اصلاحی دروس، خطبات اور بیانات کو فلاح دارین کے عنوان سے شائع کیا جا چکا ہے۔ جس کی ابھی تک آٹھ ضخیم جلدیں منظرعام پر قبولیت کا درجہ حاصل کرچکی ہیں۔فلاح دارین کی مزید جلدیں زیر ترتیب ہے انشاءاللہ بہت جلد وہ بھی ہدیہ ناظرین ہوا چاہتی ہے مزید برآں حضرت مفتی صاحب کے تفسیر جلالین کے دروس جو خالص علمی نکات اور فن تفسیر کے شاہکار ہیں اس پر بھی بیک وقت موصوف اپنی تمام تر مصروفیات کے ساتھ کام میں ہمہ تن مصروف ہیں اور پوری دیانت داری و عرق ریزی کے ساتھ ان تمام علمی محاذوں پر برسرکار ہیں۔بارک اللہ فیہ۔
زیرمطالعہ کتاب "خطباتِ مکی" یعنی مدرس حرم حضرت مولانا محمد خیرالحجازی المعروف مولانا مکی کے علمی روحانی اور اصلاحی خطبات کا مجموعہ ہے۔جس کی پہلی جلد سیرت النبیؐ کے ٹائٹل کے ساتھ منصہ شہود پر جلوے بکھیرنے کے لئے منظرعام پر آچکی ہے۔ابتدائی تین جلدوں میں مولانا مکی کے سیرت النبیؐ کے موضوع پر کئے گئے جامع خطبات کو جمع و ترتیب کا کام کیا جارہا ہے۔ اس کے بعد آگے کی جلدوں میں منہاج المسلم قصص الانبیاء وغیرہ خالص علمی روحانی و اصلاحی موضوعات پر جمع ترتیب و تدوین کا کام کیا جائے گا۔ جس کے لئے ہم صاحب موصوف کے حق میں دعا ئے خیر، نیک خواہشات اور پیشگی مبارکباد کا ہدیہ پیش کرتے ہیں۔زیرنظرپہلی جلد میں صاحب خطبات کی تاجدار مدینہ سے والہانہ عقیدت محبت اور بےپناہ عشق کی حلاوت، ایمانی حرارت اور علمی و روحانی عظمت و کیفیت کو باآسانی محسوس کیا جاسکتا ہے۔اس کتاب کی ترتیب و پیشکش اور نشرواشاعت میں ہمارے قریبی دوست قابل عالم دین اور مولانا بلال صاحب کے معتمدتلمیذرشید جناب مولانا محمد عمر صاحب رامپوری حفظہ کا کردار بنیاد کے پتھر کی حیثیت رکھتا ہے۔صاحب کتاب کے مطابق
"میرے تلمیذ رشیدمولوی محمدعمرمحی الدین رامپوری پربھنی(جالنہ)ہے جو جامعہ منہاج العلوم رنجنی مہاراشٹر کے زمانہ تدریس کے میرے شاگرد ہیں۔اور حضرت مولانا مکی کے بہت زیادہ عقیدت مند ہے، بلکہ یوں کہا جائے تو بیجا نہ ہوگا کہ اس کتاب کے داعی و محرک وہی ہے، مکی صاحب کی تقاریر سننا اور ان کا ذکرخیر کرنا موصوف کا پسندیدہ مشغلہ ہے، نیز اس کتاب کی تبییض اور مسودے کی صفائی میں بھی ان کا تعاون حاصل رہا(تقبل اللہ منا و منہ)"۔
مولوی عمررامپوری ذوق کریم اور طبع سلیم کے مالک اور بہترین تقریری و تحریری صلاحیت کی حامل شخصیت ہیں۔ہمارے دیرینہ رفیق اور مخلص دوست ہونے کے ساتھ علم دوستی اور ادب نوازی موصوف کے امتیازی وصف ہیں۔
یقیناً اس کتاب کے مطالعہ سے عام و خاص ہرطبقہ کو اپنی ضرورت کے مطابق خاطرخواہ فائدہ ہوگا اور سیرت النبیؐ کے انچھوئے پہلوؤں کو نئے اسلوب و انداز اور نئی جہت و نکات کے ساتھ سمجھنے میں معاونت ہوگی جس کے نتیجہ میں عشق رسول کی شمع ہماری فرسودہ روحوں کو آسودگی بخشنے اور نوربصیرت کو فروزاں کرنے کا سبب بنےگی۔انشاءاللہ۔
اس موقع پر ہم اہل علاقہ استاذ و شاگرد جو اس کتاب کے مرتب اور ناشر ہیں دونوں حضرات کی خدمت میں ہدیہ تبریک پیش کرتے ہیں اور خالقِ کون و مکاں کے حضور بصد عجزونیاز دست بدعا ہیں کہ دونوں حضرات کو اپنے شایانِ شان اجرجزیل عطا فرمائے ذخیرہ آخرت اور وسیلہ فلاح دارین بنائے اور آئندہ کے سارے مراحل آپ کے لئے آسان فرمائے۔ملت اسلامیہ کو اس عظیم علمی سرمایہ سے خوب استفادہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
وماتوفیقی الا باللہ۔
ہر لحظہ نیا طور ، نئی برقِ تجلی
اللہ کرے مرحلۀ شوق نہ ہو طے
نوٹ:- تصویر مولوی عمر رامپوری کی کوششوں کی تحسین و ستائش میں منعقدہ استقبالیہ نشست کے موقع پر لی گئی۔جس میں راقم الحروف کے ساتھ مولانا ابوذر ندوی مولانا زبیرندوی سمیت دیگر رفقاء موجود تھے۔
نوٹ 2:- جالنہ شہر میں یہ کتاب رعایتی قیمت پر مولوی عمررامپوری سے حاصل کی جاسکتی ہے۔موصوف کا نمبر درج ذیل ہے۔
9604035313
📝 ازقلم:- عامرفہیم راہی، جالنہ
8329953822📲
ماشاء اللہ۔۔
جواب دیںحذف کریں